img 1614069231 10

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 میچوں میں شکست کی وجہ سرفراز احمد قرار- روزنامہ اوصاف

کراچی (روزنامہ اوصاف تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پی ایس ایل 6 کے پہلے 2 میچز میں ہونیوالی شکست کا ذمے دار ٹہرایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے 42 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد نے کہا کہ پی ایس ایل 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندر کے ہاتھوں کوئٹہ کی شکست کے ذمہ دار ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہیں۔
تنویر احمد نے کہا کہ جب کوئٹہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 178 رنز کا ٹارگٹ سیٹ کیا تو کپتان کو اندازہ ہونا چاہیئے تھا کہ ان کے بائولرز کو مار پڑے گی اور وہی ہوا، لاہور قلندرز کے بلے بازوں کے ہاتھوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بائولرز کی پٹائی کے وقت سرفراز احمد کھبی سر پر ہاتھ رکھ رہے تھے تو کھبی بائولرز کے پاس جاکر انہیں ڈانتے نظر آئے، اگر کپتان کا رویہ ہی اس طرح کا ہوگا تو اس کے بائولرز کو اعتماد کہاں سے حاصل ہوگا؟۔

سابق کرکٹر تنویر احمد کا کہنا تھا کہ میں نے جو باتیں کی ہیں کمنٹری کے دوران بھی سرفراز کے اسی رویے پر بات کی جارہی تھی۔ سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے میچ کے دوران سرفراز کے تاثرات کو ان کی عادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب سرفراز قومی ٹیم کے کپتان تھے تو وہ اسی طرح کے ردعمل کا اظہار کرتے تھے، یہ ان کا فطری عمل ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ جب سے پی ایس ایل متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہوا ہے تب سے پرفارمنس کے لحاظ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کی جگہ لے لی ہے، لاہور قلندرز کی ٹیم میں حفیظ کی شمولیت نے ان کی ٹیم میں بہتری پیدا کردی ہے جب کہ لاہور قلندرز اپنی ماضی کی غلطیوں کو دوبارہ نہیں دہرارہی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان سپر لیگ 6 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو9وکٹوں سے شکست دی، لاہورقلندرز نے فخر زمان اور محمد حفیظ کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت 179 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، فخر زمان 82 اور محمد حفیظ 73 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں