img 1613993661 7

بسین عثمان آبادمیں (ن )لیگ خواتین ونگ کی تنظیم سازی مکمل- روزنامہ اوصاف

گلگت(اوصاف نیوز)رکن گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ رانی صنم فریاد نے گلگت بسین عثمان آباد میں بھی تنظیم سازی کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ بسین عثمان آباد یونٹ قائم کردی ہے۔ (ن)لیگ خواتین ونگ نپورہ بسین یونٹ کی صدر نادرہ فاروق اور خواتین ونگ سوشل میڈیا ٹیم کی رکن عینی جی ایم بھی رکن صوبائی اسمبلی کے ہمراہ تھیں۔

مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ عثمان آباد یونٹ کی لیگی خواتین کی باہمی مشاورت کے بعد مہر نمہ بی بی کو صدر جبکہ مہرالنساء کو جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا گیا۔اس کے علاوہ زرارہ جہانگیر کو سینئر نائب صدر،شازیہ فیض نائب صدر،شمس النہار ڈپٹی جنرل سیکریٹری، چاندی انفارمیشن سیکریٹری اور نادیہ بی بی کو فنانس سیکرٹری بنایا گیا۔ممبر گلگت بلتستان اسمبلی رانی صنم فریادنے تمام نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم قائد عوام میاں محمد نواز شریف،صدر مسلم لیگ (ن) میں محمد شہباز شریف،محترمہ مریم نواز صاحبہ اور اپنے قائد حافظ حفیظ الرحمن کے امن،ترقی و خدمت کے وژن کے مطابق ملک کے اصل وفاداروں کے قافلے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن اور سابق ڈپٹی سپیکر جعفراللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پورے حلقہ نمبر ایک میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے اور انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کے ادھورے منصوبوں کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔بسین عثمان آباد میں لڑکیوں کے لئے ووکیشنل ٹریننگ سکول قائم کیا جائے گا اور اس آبادی کو دریا و نالہ کے سیلابی ریلے سے محفوظ بنانے کے لئے مضبوط حفاظتی بند بھی تعمیر کریں گے۔ خواتین کے لئے تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا بھی ان کے اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے وہ ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گی۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے نادرہ فاروق اور عینی جی ایم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تبدیلی سرکار کی حکومت قائم ہوتے ہی غریب عوام سے سہولیات چھینی جارہی ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کو ختم کرکے حکومتی اراکین نے سرکاری فنڈز سے اسلام آباد میں عیاشیاں کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ عوام اپنے ایک ایک پیسے کا حساب لینا بھی جانتے ہیں۔ قوم کا اصلی صادق و امین میاں محمد نواز شریف ہیں اور شیطانی چالوں کے ذریعے صادق و امین کے جعلی سرٹیفکیٹس لینے والوں کا انشاء اللہ بہت جلد گھیرا تنگ کیا جائے گا اور اللّٰہ پاک کی مدد سے غریب عوام کو مہنگائی و بیروزگاری سے نجات دلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں